سرینواس پور:19 ؍فروری(شبیر احمد/ایس او نیوز) دنیا میں جو بھی کام ہوتے ہیں، اللہ کی طرف سے ہی طے ہوتے ہیں، آج 26 جوڑوں کا نکاح ، اسی کے تحت انجام پارہا ہے، ہم سب صرف ذریعہ ہیں، ان باتوں کا اظہار مقامی رکن اسمبلی و ریاستی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود، کے آر رمیش کمار نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال100 جوڑوں کے اجتماعی نکاح کا انتظام کیا جائے گا۔ وہ آج یہاں شہر کے مشکور مینگو منڈی میں روح ملن کمیٹی سرینواس پور کے زیراہتمام منعقدہ26 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ انسان دنیا میں پیدا ہوتے وقت کچھ ساتھ نہیں لاتا اور دنیا سے جاتے وقت بھی کچھ ساتھ نہیں لے جاتا، دنیا کا ہر ذرہ خدا سے مانگنے والا مجبور ہی ہے، یہاں صرف مالدار اور غریب کا لیبل لوگوں نے لگالیا ہے، خدا کے نزدیک سبھی ایک ہیں، انہوں نے کہا کہ دولتمند طبقہ اگر غریبوں کی مدد کے لئے آگے آئے تو عین ممکن ہے کہ دنیا میں کوئی پریشان حال زندگی نہیں گزارے گا، مگر افسوس کہ چند لوگ یہاں انسانوں کے درمیان نفرت کے بیج بونے کے کام کررہے ہیں، اور ایک دوسرے کے خلاف جنگیں کروارہے ہیں۔
کرناٹکا مائنارٹیز کمیشن کے چیرمین الحاج نصیر احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کو ضلعی سطح پر منعقد کرنا چاہئے تھا اور ہر تعلقہ کے لوگوں کو اس میں شامل کرنا تھا تاکہ اس طرح کے فلاحی کام ہر جگہ شروع ہوسکیں، جوڑوں کی شادی پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئےانہوں نے درخواست کی کہ ان26 جوڑوں کو ریاستی حکومت کی شادی بھاگیہ اسکیم کے تحت پچاس پچاس ہزار روپئے اور مقامی ڈی سی سی بینک کے ذریعہ قرض کی سہولت فراہم کی جائے، تاکہ ان کی آئندہ کی زندگی خوشگوار گزرسکے، نصیر احمد نے وزیر صحت رمیش کمار سے گزارش کی کہ سرینواس پور حلقے کے سبھی لوگوں کویسشوینی کارڈ کی سہولت فراہم کریں۔
روح ملن کمیٹی کے عہدیدار وسرینواسپور بلاک کانگریس کمیٹی صدر ایچ اکبر شریف نے خیر مقدمی تقریر کی اور کہا کہ آج سے پانچ سال قبل ان اجتماعی شادیوں کا سلسلہ مقامی رکن اسمبلی رمیش کمار اور الحاج نصیر احمد کی قیادت میں شروع کیا تھا، اور پہلے سال 163 شادیوں کا اہتمام کیا گیا اور آج کی اس تقریب میں 26 جوڑوں کے اجتماعی نکاح کا انتظام کیا گیا ہے،
نکاح خوانی کی کارروائی جامع مسجد کے خطیب وامام مولانا مرغوب الرحمان نے انجام دیں، اس موقع پر کرناٹکا مینگو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیرمین ایل گوپال کرشنا، ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے چیرمین محمد اقبال، نائب چیرمین امیر جان، سابق صدور بلدیہ سید عبدالستار، کے انیس احمد کے علاوہ جامع مسجد کے صدر زاہد انصاری، اڈوکیٹ عشرت اللہ، تحصیلدار روی اور دیگر موجودتھے۔